محکمہ موسمیات نے آج شہر کراچی میں کہیں کہیں بوندا باندی اور تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی، سجاول اور ٹھٹھہ میں کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے،کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا جب کہ آج شام تک کراچی میں تیز ہوائیں چلتی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوہاٹ، مالاکنڈ، مظفر آباد، دیامر، چلاس اور چمن سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری دیکھنے میں آئی۔
راولپنڈی، اٹک،جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور مری میں تیز ہوائیں اور بارش کے باعث ریسکیو کو ہائی الرٹ رکھا گیاہے۔
کمشنر راولپنڈی نے بتایاکہ مری میں آندھی اور بارش سے پیدا صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، ڈپٹی کمشنرمری کوضروری انتظامات کی ہدایات دے دی ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اوربرفباری جاری ہے، وادی نیلم جہلم میں شدید برفباری ہوئی جس سے رابطہ سڑکوں پرپھسلن سےٹریفک کی آمدورفت متاثر ہے، سوات، اپر اور لوئر دیر، ضلع کرم میں برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا۔
ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے میدانی علاقوں میں بارش اوربالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہورہی ہے ، تفریحی مقام شوگران میں 2 انچ اورناران میں 4 انچ تک برف پڑچکی ہے۔
علاوہ ازیں بارش برسانے والا مغربی سسٹم شمالی بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کے بعد چمن، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، توبہ کاکڑی، توبہ اچکزئی اور شیلا باغ سمیت پاک افغان سرحدی علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔