بارش اور برفباری: نتھیا گلی میں سڑکیں اور بجلی بند، پشاور میں 4 افراد جاں بحق نتھیا گلی میں اب تک 1 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی جا چکی ہے

ملک کے بیشتر پہاڑی حصوں میں برفباری جاری ہے، جبکہ نتھیا گلی میں برفباری کے باعث مری روڈ سمیت تمام لنک روڈ بند ہو گئے ہیں، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مری شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جبکہ بارش اور تیزہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب نتھیا گلی میں اب تک ایک فٹ جبکہ غذر میں 2 فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ موسم کی خواب صورتحال کے باعث سیاحوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق مری روڈ سمیت تمام لنک روڈ بند ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، تاہم سڑکوں کو جلد از جلد کھول دیا جائے گا۔

اتھارٹی کی جانب سے گلیات سفر کرنے والے سیاحوں کو احتیابی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، دوسری جانب برفباری اور تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے، جس کے باعث سیاحوں سمیت مقامی رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جبکہ خیبر پختونخواہ میں بارش کے باعث حادثات میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، دو گھر مکمل طور پر تباہ، چار کو نقصان پہنچا، پشاور کا یونیورسٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، نکاس آب کی ناقص صورتحال، ٹریفک کا نظام متاثر۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں برسات، سردی کی شدت میں اضافہ، بالائی علاقوں میں برف باری سے ہر سو سفیدی، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے عوام کو مشکلات، لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم اور گلگت اسکردو روڑ ٹریفک کے لیے بند