سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں ارکان نے ملک میں بدلتے ہوئے موسمیاتی پیٹرنز پر تشویش کا اظہار کردیا ہے۔
سینیٹر سیمی ایزدی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کے آخری اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ اسلام آباد میں کبھی نہیں ہوا کہ چالیس دن بارش نہ ہو، درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو درجہ حرارت 75 برس بعد ہونا تھا وہ ہمیں پہلے ہی مل گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس پیٹرن کے حساب سے موسم تبدیل ہو رہا ہے ہمیں اپنی منصوبہ سازی کے دوران پلان بھی ویسے ہی بنانا ہوگا۔
اجلاس میں کمیٹی کی رکن فوزیہ ارشد نے کہا کہ ’کلائمیٹ پالیسی‘ بنائی گئی ہے اس پر نظر ثانی کریں، پالیسی میں باقی صوبوں کے ساتھ اسلام آباد کا نام بھی ہونا چاہیے۔
سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی نے چڑیا گھر کے معاملے پر کمیٹی کو بتایا کہ چڑیا گھر کی منیجمنٹ پر سی ڈی اے اور وائلڈ لائف کا جھگڑا چل رہا ہے۔ معاملہ لینڈ آنرشپ کا ہے، وزارت وائلڈ لائف بورڈ کو سپورٹ کر رہی ہے، وائلڈ لائف چڑیا گھر کی بہتر حفاظت کر سکتا ہے، باقی فیصلہ کابینہ کا ہوگا۔