باڈی بلڈنگ کے شوقین افراد جسم میں زنک شامل کرنے کے لیےمختلف سپلیمینٹس کا استعمال کرتے ہیں لیکن بھارتی شہری نے اس کے لیے کچھ انوکھا کام کیا جس سے لوگ حیران رہ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ نئی دلی کے سر گنگا رام اسپتال میں پیش آیا جہاں 26 سالہ نوجوان اسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ 26 سالہ مریض ذہنی بیمار ہے، اسے 20 دن سے پیٹ میں درد اور قے کی شکایت تھی جب کہ وہ کھانے پینے سے بھی قاصر تھا۔
مریض کے اہلخانہ نے ڈاکٹرز کو بتایا کہ مریض نے گزشتہ ہفتوں میں سکے اور مقناطیس کھائے تھے جب کہ وہ نفسیات کا علاج بھی کروا رہا تھا۔
ڈاکٹرز کے مطابق مریض کے پیٹ کا ایکسرے اور سی ٹی اسکین کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ اس کی آنتوں میں سکے اور مقناطیس موجود ہیں جنہیں فوری آپریشن کرکے نکالا گیا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ مریض کے پیٹ سے ایک، 2 اور 5 روپے کے 39 سکے اور 37 مقناطیس نکالے گئے ہیں، مریض نے یہ سکے یہ سوچ کر کھائے کہ ان دھاتوں میں زنک موجود ہوتا ہے اور ان کے استعمال سے باڈی بلڈنگ میں مدد ملی گی۔