پشاور : مردم شماری اور انتخابی ڈیٹا اکٹھا کرنے والے ٹیبلٹس چوری ہوگئے تین سو سے زائد ٹیبلٹس ڈی ای او فی میل آفس پشاور سے غائب ہوگئے، ذرائع

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں غفلت کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈسٹرکٹ پشاور کے دفتر کو مردم شماری اور انتخابی ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے ملنے والے ٹیبلٹس چوری ہوگئے۔ انکوائری کمیٹی بھی ملوث افراد کو منظر عام پر لانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کو ڈیٹا کلیکشن کے لیے ملنے والے ٹیبلٹس پشاور ڈسٹرکٹ کے دفتر سے چوری ہوگئے، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور فی میل نے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی۔

کمیٹی کو ایک ہفتے میں معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ جمع کرانی تھی تاہم سات دن گزر جانے کے بعد بھی انکوائری مکمل نہ ہوسکی اور نہ ہی چوری میں ملوث کردار سامنے لائے جاسکے۔

یاد رہے کہ چوری ہونے والے سینکڑوں ٹیبلٹس مردم شماری اور انتخابی تفصیلات سمیت دیگر ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے استعمال کئے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ویسے تو ٹیبلٹس کی تعداد سینکڑوں میں تھی تاہم تین سو سے زائد ٹیبلٹس ڈی ای او فی میل آفس پشاور سے غائب ہوگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس نے انکوائری میں سارا نزلہ نائب قاصد پر ڈالتے ہوئے متعلقہ افسران کو بری الذمہ قرار دے دیا۔