پشاور: سنی استحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی اسپیکر اور ثریا بی بی ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی منتخب ہو گئے۔
اسپیکر کے عہدے کیلئے سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی اور پیپلز پارٹی کے احسان اللہ میاں خیل کے درمیان مقابلہ تھا۔
اسپیکر کے پی اسمبلی کے لیے ہونے والے الیکشن میں مجموعی طور پر 106 ووٹ ڈالے گئے، بابر سلیم سواتی نے 89 ووٹ احسان اللہ میاں خیل 17 ووٹ لیے۔
اسپیکر کے پی اسمبلی کے انتخاب میں پی ٹی آئی پی کے اقبال وزیر نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا جبکہ اسپیکر کے انتخاب میں سنی اتحاد کونسل کے میاں عمر نے بھی ووٹ پول نہیں کیا، مشتاق غنی بھی اسپیکر کے ووٹ کے لیے ووٹ کا حق استعمال نہ کر سکے۔
ڈپٹی اسپیکر کےعہدے کیلئے سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی اور ارباب وسیم کےدرمیان مقابلہ ہوا۔
سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی 87 ووٹ لیکر ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی منتخب ہو گئیں جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے ارباب وسیم کو 19 ووٹ ملے، ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں بھی مجموعی طور پر 106 ووٹ ڈالے گئے۔
بابر سلیم سواتی اور ثریا بی بی کو پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ آزاد اراکین کی حمایت حاصل ہے جب کہ احسان اللہ میاں خیل اور ارباب وسیم کو پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز اور (ن) لیگ کی حمایت حاصل ہے۔