چترال : ہر سو سفیدی ہی سفیدی، شدید برفباری سے معمولات زندگی متاثر، دیربالا کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفیکشن جاری، سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا

چترال میں بارش اور برفباری کی وجہ سے کل بروز ہفتہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ شدید بارش اور برفباری کے باعث ہفتے کو دیربالا کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

چترال شہر میں بارش اور وادی کیلاش میں دو فٹ تک برف پڑچکی ہے۔

گرم چشمہ اور دیگر علاقوں میں بھی برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

دیر بالا کے میدانی علاقوں میں تیز بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل اپروچ سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔

انتظامیہ نے آج رات مسافروں کو سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

شدید بارش اور برفباری کے باعث ہفتے کو دیربالا کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔

دیربالا کے وادی کمراٹ ڈوگدرہ جاز بانڈہ وادی عشیری کیردرہ اور براول کے پہاڑوں پر برفباری سے ہر سو سفیدی ہی سفیدی ہے۔ دیربالا کے بالائی علاقوں میں دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ بارش اور برفباری سے مختلف علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے راستے بند ہونے سے سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔