بھارت کی ریاست تلنگانہ کے ایک باشندے کو بیک وقت تین سرکاری ملازمتوں کا آفر لیٹر ملا ہے۔ گولی پروین کمار عثمانیہ یونیورسٹی کے ایجوکیشنل ملٹی میڈیا ریسرچ سینٹر میں پانچ سال سے رات کے چوکیدار کی حیثیت سے کام کر رہا تھا۔
پروین کمار کی کہانی خاصی متاثر کن ہے۔ اس کے والد راج مستری ہیں اور ماں زندگی بھر گھر میں بیڑیاں بناتی رہی ہیں۔
شدید افلاس زدہ گھرانے کا فرد ہونے کے باوجود پروین کمار نے ہمت نہ ہاری اور ہائی اسکول ٹیچر بننے کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی راہ پر گامزن رہا۔
کئی سال کی ان تھک محنت کے نتیجے میں پروین کمار نے اپنی تعلیمی قابلیت بلند کی اور کئی امتحانوں سے گزرنے کے بعد ڈسٹرکٹ بورڈ میں مقابلے کے امتحان میں شریک ہوا۔
اب اسے ایک ہائی اسکول ٹیچر کی حیثیت سے کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ وہ بہت جلد ہائی اسکول ٹیچر کی حیثیت سے ملازمت شروع کرنے والا ہے۔
پروین کمار کو ابتدائی طور پر تنخواہ کی مد میں کم و بیش 80 ہزار بھارتی روپے ملا کریں گے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم کم و بیش 2 لاکھ 68 ہزار روپے بنتی ہے۔