ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، ضلع کرم میں اسکول بند محکمہ موسمیات نے مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی : خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی خیبر پختونحوا اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور گردو نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش اسلام آباد سید پور میں 06 اور راولپنڈی شمس آباد میں 04 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

خیبرپختونخوا

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں آج موسم خشک اور سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز مالم جبہ میں 114، تیمرہ گرہ میں 90، سیدو شریف میں 77 اور دیر میں 63 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مالم جبہ میں 17 انچ، کالام میں 10 انچ، چترال میں 9 انچ اور دیر میں 3 انچ برفباری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کالام کا درجہ حرارت منفی 8، دیر اور چترال کا درجہ حرارت منفی 1 اور پاراچنار کا درجہ حرارت صفر ڈگری ریکارڈ ہوا۔

دیر بالا

ادھر دیربالا کے شہری اور بالائی علاقوں میں ریکارڈ برفباری ہوئی، عشیری درہ، کمراٹ اور دوگدرہ میں شدید برفباری ہوئی جبکہ لواری ٹنل میں 7 فٹ تک برف پڑ چکی ہے۔

برفباری کی وجہ سے لنک سڑکیں بند اور مختلف علاقوں کی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو بند کردیا۔

ضلع کرم

ضلع کرم میں شدید سردی کا راج برقرار ہے، خون جما دینے والی سردی کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں تک محصور ہوگئے۔

سخت سردی کے باعث ڈپٹی کمشنر کرم نے اپر کرم اور سینٹرل کرم کے اسکولوں میں 3 دن تعطیل کا اعلان کردیا۔

ڈی سی کرم کے مطابق 4 سے 6 مارچ مارچ تک اپر کرم اور سینٹرل کرم کے تمام پرائیویٹ اور سرکاری اسکولز بند رہیں گے ۔

پاراچنار میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، ضلع میں آج کسی قسم کی بارش یا برفباری کا امکان نہیں۔