پشاور: خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے مختلف واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے جبکہ نو منتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے متاثرین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے سیکرٹری ریلیف کو متاثرین اور نقصانات کی رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کردی جبکہ حادثات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو 3-3 لاکھ روپے جبکہ معمولی زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دیے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ان حادثات میں مالی نقصانات کے لیے بھی معاوضے دیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ حادثات کی وجہ منہدم ہونے والے گھروں کے متاثرین کو عارضی رہائش گاہ، خوراک اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
علی امین گنڈاپورنے کہا کہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی شاہراہوں کی بحالی کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، اور مصیبت کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ادھر چترال آپر اور لوئر میں شدید برفباری کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا اور موصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ نظام زندگی بھی مفلوج ہوگئی اور شاہراہیں بند ہوگئیں۔
علاقہ مکین کے مطابق چترال ٹاؤن کے علاقے میں چوتھے روز بھی بجلی بحال نہ ہو سکی اور انہوں نے آپر اور لوئر چترال میں خوراک کی قلت کا بھی خدشہ ظاہر کیا۔