وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن وامان میری حکومت کی پہلی ترجیح ہوگی جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پولیس کو درکار مالی وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے دورہ چارسدہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو گاڑیوں سمیت دیگر درکار آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، امن وامان کے بغیر ترقی اورخوشحالی ممکن نہیں، غربت میں کمی، لوگوں کو روزگار کی فراہمی اور کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود دوسری اہم ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچرکی تعمیراورترقی میری حکومت کی تیسری اہم ترجیح ہوگی، میں نے پولیس میں اصلاح کی بات کی ہے اس کودھمکی نہ سمجھا جائے، ہم انتقامی کارروائی پریقین نہیں رکھتے لیکن اصلاح کرنا ہمارافرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں کوئی بھی کسی کے ساتھ زیادتی اورنا انصافی نہ کرسکے، آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر اور انصاف پر مبنی نظام چاہتے ہیں۔