پشاور: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے خواتین کی 8 مخصوص نشستوں کا اعلامیہ جاری کردیا.
الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کی باعث دوسری جماعتوں کو نشستیں تقسیم کی گئیں۔ مسلم لیگ ن کو 4، جے یو آئی اور پیلزپارٹی کو 2، 2 نشستیں دی گئی ہیں۔
ثوبیہ شاہد، غزالہ انجم، شہلا بانو اور شاہین مخصوص نشستوں پر نواز لیگ کی رکن اسمبلی نامزد کی گئی ہیں۔ نعیمہ کشور اور صدف احسان جے یو آئی، عاصمہ عالمگیر اور نعیمہ کنول پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی بن گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزالیکشن کمیشن نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے معاملے پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کردی تھی۔
الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے دیگر جماعتوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ مخصوص نشستیں دیگر جماعتوں میں ان کی سیٹوں کے تناسب سے تقسیم کی جائیں گی، اسمبلیوں کی مخصوص نشستیں خالی نہیں رکھی جا سکتیں۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے نتیجے میں سنی اتحاد کونسل قومی وصوبائی اسمبلیوں کی مجموعی طور پر75 نشستوں سے محروم ہو گئی۔ سنی اتحاد کونسل کو قومی اسمبلی کی 23، پنجاب اسمبلی کی24، خیبرپختونخوا اسمبلی کی 25 اور سندھ اسمبلی کی 3 مخصوص نشستیں ملنا تھیں۔