خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے قلعہ مناف خیل میں لنک روڈ پر حالیہ لینڈ سلائیڈنگ سے جمع ہونے والے ملبے کو ہٹانے کی کوشش کے دوران پتھر گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان رسول خان شریف نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افراد لینڈ سلائیڈنگ کا ملبہ ہٹاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ متاثرہ افراد کو فوری طور پر ملبے سے نکال کر سوات کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 17 سالہ امجد علی اور 26 سالہ سید باچا دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
مقامی اسکول کے استاد محمد صالح نے بتایا کہ کئی مقامات پر سڑک بلاک ہونے کے بعد علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر سے ملبہ ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ سے ہونے والے حادثات میں اب تک کم از کم 27 افرادجاں بحق جبکہ 38 سے زیادہ افراد زخمی ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ 129 گھروں کو جزوی جبکہ 33 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا ہے۔