آئیڈاہو: سب سے زیادہ گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کا عزم رکھنے والے امریکی شہری نے طویل مدت تک سر سے دو غباروں کو ہوا میں اچھالنے کا ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا۔
امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے پہلی بار یہ ریکارڈ 2018 میں بنایا تھا۔ اس وقت انہوں نے دونوں غباروں کو 3 منٹ اور 12 سیکنڈ تک ہوا میں اچھال کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
2019 میں ایک شخص نے 6 منٹ اور 34 سیکنڈ تک دو غباروں کو ہوا میں اچھال کر یہ ریکارڈ ان سے چھین لیا تھا۔لیکن ڈیوڈ نے 13 منٹ اور 58 سیکنڈ تک یہ کارنامہ انجام دے کر ریکارڈ دوبارہ اپنے نام کر لیا۔
ڈیوڈ رش کا کہنا تھا کہ اس ریکارڈ کے لیے کافی مہارت اور توجہ کی ضرورت تھی۔ دونوں غباروں کو ایک ایک کر کے مارنا تھا اور اگر ان میں سے ایک اوپر تیزی سے جاکر دوسرے سے ٹکرا جائے تو کھیل ختم ۔
ڈیوڈ رش کا کہنا تھا کہ دو غباروں کو ایک منٹ تک ہوا میں رکھنے کے لیے ان کو ہفتوں تک پریکٹس کرنی پڑی۔
واضح رہے ڈیوڈ رش 250 سے زائد گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ چکے ہیں اور فی الحال 162 ریکارڈ ان کے نام ہیں۔