عمران اور بشریٰ کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، توشہ خانہ کیس میں نئی تحقیقات کا آغاز

قومی احتساب بیور (نیب) راولپنڈی نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف نئی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

نیب نے توشہ خانہ کیس میں نئی انکوائری میں طلبی کا کال اپ نوٹس جاری کردیا۔

نیب راولپنڈی نے کال اپ نوٹس پر تحقیقات کیلئے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو خط لکھا ہے۔

نیب کی جانب سے 16 اپریل کو دونوں کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا۔

واضح رہے کہ یکم اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطل کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سزا معطلی کی تھی۔

یاد رہے کہ توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور سابق خاتون اول کو رواں سال کے شروع میں 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

یہ بھی واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائے جانے سے ایک روز قبل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔