کراچی میں امریکی قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل کا کہنا ہے کہ امریکا میں پہلی بار کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد پر وہ بہت پرجوش ہیں، ورلڈ کپ کے انعقاد سے امریکا میں ایک ایسے کھیل کو دوبارہ مقبولیت ملے گی جو پہلے جنوبی ایشیائی کمیونٹی تک محدود تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کھیل عوام کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں، انہیں امید ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو میں امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ امریکی عوام بھی کافی پرجوش ہیں، یہ امریکا کیلئے ایک زبردست موقع ہے کہ وہ اپنے ملک میں کرکٹ دیکھے اور پاکستان سمیت پوری دنیا کو امریکا دکھائے، ہر کوئی اس ایونٹ کیلئے کافی پرجوش ہے اور امید رکھتا ہے کہ اس سے امریکا میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کیا کہ اسپورٹس میں عوام کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی طاقت ہے، یہ عوامی روابط بنانے کا سب سے بہترین اور سب سے آسان ذریعہ ہیں کیونکہ ہر کوئی اسپورٹس سے محبت کرتا ہے، چاہے وہ پاکستانی ہو، انڈین ہو، ویسٹ انڈین ہو یا امریکی، جب ان کی ٹیم کھیل رہی ہوتی ہے تو ہر کوئی اپنی ٹیم کیلئے پرجوش ہوتا ہے۔
کونراڈ ٹریبل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا 9 جون کو ہونیوالا میچ بلاشبہ سب کی توجہ کا مرکز ہوگا لیکن ان کی نظریں اس سے تین روز قبل ہونے والے پاکستان اور امریکا کے میچ پر ہے کیونکہ بطور پاکستان میں مقیم امریکی سفارت کار، ان کیلئے وہ میچ زیادہ اہم ہے، امید ہے کہ اس میں بھی اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کو یہ علم نہیں لیکن ایک وقت میں کرکٹ امریکا میں کافی مقبول کھیل تھا، یہاں تک کہ جارج واشنگٹن نے بھی کرکٹ کھیلی ہے، کرکٹ ابتدائی 100 برس تک امریکا میں کافی مقبول رہا پھر اس کی جگہ بیس بال نے لے لی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کرکٹ میں امریکا پاور ہاؤس نہیں، ابھی یہ کھیل یہاں دوبارہ ترقی پا رہا ہے، لیگز کا انعقاد ہونے لگا ہے، نوجوان اس کھیل میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ امید ہے کہ ورلڈ کپ کے انعقاد سے امریکا میں کرکٹ ایک مرتبہ پھر مقبول ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھنے گئے تھے اور ان میچز کو انہوں نے خوب انجوائے کیا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان ایک اہم ٹیم ہوگی، انہیں مجموعی طور پر پاکستان سے اچھے کھیل کی امید ہے، امریکی ٹیم پہلا میچ پاکستان سے کھیل رہی ہے جو اس کیلئے ٹف میچ ہوگا، ٹورنامنٹ میں پاکستان کو ہرانا آسان نہیں ہوگا۔
انہون نے کہا کہ امریکا کیلئے کوئی خصوصی ویزے نہیں لیکن امریکی قونصلیٹ کی جانب سے لوگوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ وہ امریکا سفر کیلئے تیاری کرسکیں۔