قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر کو آئرلینڈ کا ویزہ مل گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کاوشوں سے فاسٹ بولر محمد عامر کو آئرلینڈ کا ویزہ جاری کر دیا گیا، محمد عامر کی جلد آئرلینڈ روانگی ممکن بنائی جارہی ہے، عامر کل سے شروع ہونے والی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی پاک آئرلینڈ سیریز میں شرکت کر سکیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی کے شعبہ لاجسٹک کو محمد عامر کے لیے فلائٹ بکنگ کا ٹاسک بھی سونپ دیاگیا، ویزا مسائل کی وجہ سے محمد عامر ٹیم کے ساتھ ڈبلن نہیں جاسکے تھے۔
خیال رہے کہ آئرلینڈ حکومت کی جانب سے محمد عامر کے ویزہ پروسیس میں تاخیر کے باعث ان کی سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی تھی لیکن اب ویزہ جاری ہونے کے بعد محمد عامر سیریز میں شرکت کر پائیں گے تاہم کل ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ان کا شامل ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔