قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا آئرلینڈ کے ہاتھوں پہلی بار شکست کے بعد بیان آگیا۔
ڈبلن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف آئرلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، آئرلینڈ کے کھلاڑی اینڈی بالبرینی نے 77 رنز کی ذمہ درانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ہیری ٹیکٹر نے 36، جارج ڈاکریل نے 24 رنز اسکور کیے جبکہ ڈیلنے 10 اور کرٹس کیمفر 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
جبکہ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے 2، عماد، نسیم اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست کی وجہ خراب باؤلنگ اور فیلڈنگ کو قرار دیا۔
کپتان نے کہا کہ ہم نے پہلے 6 اوورز میں اچھی شروعات نہیں کی، شروع میں لگا تھا 180 رنز کافی ہوں گے لیکن یہ ناکافی ثابت ہوئے، پچ ڈبل پیس تھی اس پچ پر 190 اسکور جیت کے لیے مناسب تھا لیکن ہم باؤلنگ کے دوران میچ ہارے۔
بابر اعظم نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم باؤلنگ اور فیلڈنگ کی کچھ غلطیوں کی وجہ سے میچ ہارے، ہم نے اپنے پلان پر عمل نہیں کیا اور ہم نے پہلے 6 اوورز میں اٹیکنگ کرکٹ کھیلی لیکن اسے فنش نہیں کر سکے۔