مصر کے محمد ذکریا نے 16ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی

مصر کے محمد ذکریا نے 16ویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔ فائنل میں انہوں نے پاکستان کے ناصر اقبال کو 1-3 سے ہرادیا۔

روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پر منعقدہ 20 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ کے فائنل میں وائلڈ کارڈ انٹری پانے والے ناصر اقبال نے پہلا گیم 11-13 سے جیتا، مگر اس کے بعد نمبر چار سیڈ ذکریا نے کم بیک کیا اور مسلسل تین گیمز جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

انہوں نے دوسرا گیم 4-11 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کیا، پھر تیسرا گیم 5-11 سے جیت کر 1-2 کی سبقت حاصل کی اور اس کے بعد چوتھا گیم 7-11 سے جیت کر 1-3 سے فتح اپنے نام کر لی۔

فاتح کھلاڑی کو ٹرافی کے ساتھ 3 ہزار 85 ڈالرز ملے۔ رنرز اپ نے ایک ہزار 938 ڈالرز حاصل کیے۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ مہمان خصوصی ایڈمرل نوید اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک بحریہ کھیلوں کی ترقی میں بھی اپنا قومی کردار ادا کر رہی ہے۔