بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی نیب طلبی نوٹس کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی نیب طلبی نوٹس کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے نیب کی نئی انکوائری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے،بشریٰ بی بی کی نیب طلبی نوٹس کیخلاف درخواست4 جون جبکہ بانی پی ٹی آئی کی 24 جون کو سماعت کیلئے مقررکی گئی ہے،جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ 24 جون کو کیس سنے گا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ کا نیا کیس سامنے آگیا،نیب اب بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف ایک نہیں بلکہ 7 قیمتی گھڑیوں، ہیرے اور سونے کے زیورات سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے کی تحقیقات کرے گی،انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے، گراف واچ ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہے۔

 رپورٹ کے مطابق تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لئے بغیر ہی بیچے جاتے رہے، گراف واچ کا قیمتی سیٹ بھی "ریٹین" کئے بغیر ہی بیچ دیا گیا، نجی تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے گراف واچ کے خریدار کو فائدہ پہنچایا گیا۔ تخمینہ ساز کا توشہ خانہ سے ای میل آنے سے پہلے ہی گھڑی کی قیمت 3 کروڑ کم لگانا ملی بھگت کا ثبوت ہے۔

 انکوائری رپورٹ کے مطابق گراف واچ کی قیمت10 کروڑ 9 لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی،20 فیصد رقم ، 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیئے گئے جبکہ ہر تحفے کو پہلے رپورٹ کرنا اور توشہ خانہ میں جمع کروانا لازم ہے، صرف 30 ہزار روپے تک کی مالیت کے تحائف مفت اپنے پاس رکھے جا سکتے ہیں ۔