ورلڈ کپ شروع ہونے سے پہلے ہی کرکٹ کی تاریخ میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا، امریکا نے ورلڈ کلاس ٹیم بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
امریکا کے شہر ہوسٹن کے پریری ویو کرکٹ کمپلیکس میں ہونے والے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا، بنگال ٹائیگرز نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔
بنگلا دیش کے اوپنرز لٹن داس 14، سومیا سرکار 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ توحید 58 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے، محمد ریاض نے 31، نجم حسین نے 3 اور شکیب الحسن 6 رنز ہی بنا پائے، جیکر علی 9 بنا پر ناٹ آؤٹ رہے، یوں تمام ٹیم 20 اوورز میں 153 بنا سکی۔
امریکا کی جانب سے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے سٹیون ٹیلر نے 3 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، سورو نٹوالکر، علی خان اور جسدیب سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، کورے اینڈرسن اور ہرمیت سنگھ کوئی وکٹ نہ لے پائے۔
ہدف کے تعاقب میں امریکن اوپنرز سٹیون ٹیلر اور مونک پٹیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد مونک پٹیل 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ان کے بعد آنے والے اندریس گوس نے سٹیون کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کو جیت کے ٹریک پر ڈال دیا۔
سٹیون ٹیلر 28 اور اندریس گوس 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ارون جونز اور نتیش کمار زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہ سکے اور بالترتیب 4 اور 10 رنز ہی بنا پائے، 94 کے مجموعی سکور پر کورے اینڈرسن اور ہرمیت سنگھ نے میدان سنبھالا اور ہدف پورا کرنے تک ڈٹے رہے۔
کورے اینڈرسن اور ہرمیت سنگھ بالترتیب 34 اور 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں دونوں بیٹرز کی شاندار اننگز کی بدولت امریکا نے 154 کا ہدف 3 بالز پہلے سے حاصل کر لیا، بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحیم نے 2، محمد شرف الاسلام اور رشاد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔