کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اسلام آباد میں قائم مرکزی دفتر سیل کردیا۔
پولیس کی بھاری نفری پی ٹی آئی مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر پہنچی، اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ جانے والے راستوں کو بند کردیا۔
جس کے بعد سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کا دفتر سیل کرکے اس پر نوٹس چسپاں کردیا۔
گزشتہ روز بھی اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی سیکریٹیریٹ پر حماد اظہر کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا۔
اس دوران اقوام متحدہ کا وفد بھی محصور ہو کر رہ گیا تھا۔
سی ڈی اے کا بیان
پی ٹی آءی کا مرکزی دفتر سیل کئے جانے کے حوالے سے جاری بیان میں سی ڈی اے نے بتایا کہ آپریشن بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکٹر G-8/4 میں سیاسی جماعت کی طرف سے ایک پلاٹ پر قائم کی گئی تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو ختم کیا جا رہا ہے۔ مزکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ ہے، جس سے ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئی ہیں۔
باین کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی۔ مذکورہ مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں بھی کی گئی ہیں۔ مذکورہ پلاٹ کے مالک کو متعدد بار خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ نوٹسسز بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔
حماد اظہر کو کہیں لے کر گئے یا زبردستی بیان لیا تو نہیں مانیں گے، عمر ایوب
سی ڈی اے کے مطابق اس ضمن میں ایک نوٹس 19 نومبر 2020 کو جاری کیا گیا۔ اسی طرح ایک اور نوٹس 22 فروری 2021 کو جاری کیا گیا اور خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے ایک اور نوٹس 14 جون 2022 کو جاری کیا گیا۔ 4 ستمبر 2023کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
سی ڈی اے کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔
عمر ایوب کا ردعمل
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے اس حوالے سے ایکس پر پیغام جارہی کرتے ہوئے لکھا کہ اسلام آباد پولیس پی ٹی آئی کے مرکزی آفس کے باہر جمع ہو رہی ہے۔اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز بھی پی ٹی آئی سیکریٹیریٹ پر چھاپہ مارا تھا، لیکن رؤف حس پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے سے قاصر ہے۔
بیرسٹرگوہر کا بیان
پی ٹی آئی کے مرکزی دفتر کو سیل کرنے پر بیرسٹرگوہر کا بیان بھی سامنے آگیا کہا کہ غیر قانونی کام کرکےہمیں دبانےکی کوشش کی جارہی ہے ہم کل یہی اجلاس کریں گے اسی جگہ باہر بیٹھیں گے اورکل ہم عدالت جائیں گے ،تجاوزات تھے تو ہمیں بتاتے۔