پشاور میں لوڈشیڈنگ سے تنگ عوام نے خود گرڈ اسٹیشن میں گھس کر بجلی کھول دی

ملک کے  دیگر شہروں کی طرح پشاور میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جہاں بجلی کی بندش سے تنگ شہریوں نے گرڈ اسٹیشن میں گھس کر خود بجلی بحال کردی۔

پشاور کے شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کےخلاف رکن صوبائی فضل الٰہی کی قیادت میں ہزارخوانی گرڈ اسٹیشن کےباہر احتجاج کیا جہاں احتجاج کے دوران  علاقہ عمائدین اور دیگر رہائشی گرڈ اسٹیشن کے اندر موجود رہے۔

احتجاجی مظاہرے میں شامل  اہل علاقہ نے گرڈ اسٹیشن سے خود بجلی بحال کردی۔

 رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی کا کہنا تھا کہ  تمام فیڈرز جاکر بجلی بحال کرائیں گے، علاقہ عمائدین گرڈ اسٹیشن میں بجلی بحال رکھیں گے، ہماری بجلی بند ہوگی،تو سب کی بجلی بندکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں 8 ماہ بعد میٹر لگایا جاتا ہے اور 80  ہزارکا بل بھیج دیا جاتا ہے، کل شیخ محمدی فیڈر بند کروں گا تواسلام آباد تک فیڈر بند ہوجائیں گے۔