وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف پانچ روزہ دورے پر چین پہنچ گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اپنے پانچ روزہ دورہ چین کے پہلے مرحلے میں شینزن پہنچے، شینزن ہوائی اڈے پر چینی حکام اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے وزیرِاعظم کا استقبال کیا۔
وزیرِاعظم سےچین کی کمیونسٹ پارٹی کے شینزن کے لیے سیکرٹری مینگ فینلی ملاقات کریں گے، ملاقات میں چین پاکستان تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔
وزیر اعظم کے ساتھ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب اور مصدق ملک سمیت چیئرمین ایف بی آر بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم چین کی خصوصی دعوت پر4 سے 8 جون تک چین کا دورہ کررہے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا دورہ چین سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم شینزن میں ہواوے کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے جب کہ وزیراعظم دورے کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ جائیں گے جہاں چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات ہوگی، وزیراعظم چینی صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے، وہ بیجنگ میں مختلف کمپنیوں کے سربراہان اور سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کریں گے جب کہ وہ عوامی یادگار کا دورہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ چین کے آخری مرحلے میں چینی شہر شیان میں مقامی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، وہ چینی ماڈل فارمز و گرین ٹیکنالوجی کمپنیوں کا دورہ کریں گے۔