پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کو قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو بھی تبدیل کردیا گیا اور محمد وسیم ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق تبدیلی کے تحت سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالرحمان اسپن بولنگ کوچ اور جنید خان اسسٹنٹ کوچ ہوں گے جبکہ حنیف ملک کو فیلڈنگ کوچ اور حنامنور کو ویمنز ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ محمد وسیم 2020 سے 2022 کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔
آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کے سلسلے میں پاکستان ویمن ٹیم کا 4 روزہ ٹریننگ کیمپ بدھ کے روز حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہوگیا۔
ویمن نیشنل سلیکشن کمیٹی نے کیمپ میں 28 کرکٹرز کو مدعو کیا ہے، کمیٹی کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد سری لنکا میں ہونے والے ایونٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔
ویمن کھلاڑی جمعے کو بھی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گی جبکہ وہ جمعرات اور ہفتے کے روز معین خان کرکٹ اکیڈمی میں دو ٹی ٹوئنٹی پریکٹس میچز کھیلیں گی۔
آٹھ ٹیموں پر مشتمل اے سی سی ویمن ایشیا کپ 19 سے 28 جولائی تک سری لنکا کے شہر دمبولا میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت نیپال اور یو اے ای کے ساتھ رکھا گیا ہے، ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا جبکہ نیپال اور متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ 21 اور 23 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔
کیمپ میں شریک کھلاڑی
عالیہ ریاض، انوشہ ناصر، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، دعا ماجد، ایمان فاطمہ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ، حمنہ بلال، ارم جاوید، ماہم منظور، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، قرۃ العین، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، یسری عامر، ام ہانی اور وحیدہ اختر کیمپ میں شریک ہوئی ہیں۔
ویمن ایشیا کپ کے لیے پلیئر سپورٹ اسٹاف
حنا منور (منیجر)، محمد وسیم (ہیڈ کوچ)، عبدالرحمٰن (اسپن بولنگ کوچ)، جنید خان (اسسٹنٹ کوچ)، حنیف ملک (فیلڈنگ کوچ)، رابعہ صدیق (فزیو)، ولید احمد (انالسٹ) جبکہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ کا اعلان ابھی ہونا ہے۔