ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھی یکطرفہ، بھارت، انگلینڈ کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا : جنوبی افریقہ نے بھی افغانستان کو باآسانی زیر کرکے پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی20 ورلڈکپ کا دوسرے سیمی فائنل بھی یکطرفہ رہا، بھارت نے با آسانی دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے بھی افغانستان کو باآسانی زیر کرکے پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔

اب ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل کل (ہفتے کو) بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں بھارتی کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے،کپتان روہت شرما نے اپنی بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھا اور 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز میں گیانا کے پرویڈینس اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس بڑے میچ کا ٹاس بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا تھا جبکہ بھارتی اننگز کے دوران میچ بارش کی وجہ سے روکنا بھی پڑا تاہم مقررہ 20 اوورز ہی کرائے گئے۔

بھارت کی جانب سے اسپنرز نے انتہائی نپی تلی باؤلنگ کی اور انگلش بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

بھارتی اسپنر اکسر پٹیل 3 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے مین آف دی میچ قرار پائے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت نے بیٹنگ شروع کی تو ویرات کوہلی ایک بار پھر ناکام ہوئے، وہ 9 رنز بنا کر ریس ٹاپلی کا شکار بنے۔

ریشبھ پنت بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 5 رنز پر سیم کرن کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

بھارت نے آٹھ اوورز میں دو وکٹوں پر 65 رنز بنائے تھے کہ ایک بار پھر بارش آگئی اور میچ روکنا پڑا۔

کچھ دیر بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو روہت شرما اور سوریا کمار یادیو نے 73 رنز کی شراکت قائم کی۔

تاہم پھر روہت شرما 39 گیندوں پر 57 رنز بناکر عادل رشید کا شکار بن گئے جبکہ سوریا کمار یادیو 47 رنز پر جوفرا آرچر کو وکٹ دے بیٹھے۔

دیگر بھارتی بلے باز ہارڈک پانڈیا 23، شیوم ڈوبے صفر اور اکشر پٹیل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارتی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 171 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

رویندرا جدیجا 17 اور ارشدیپ سنگھ ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کریس جارڈن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ریس ٹاپلی، سیم کرن، جوفرا آرچر اور عادل رشید کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے 9 وکٹوں سے یک طرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔