سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کی جانب سے اگست 2023 کے اشتہارات کے مطابق کی گئی 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے سندھ میں گریڈ ایک سے 15 پر 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کے کیس میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مستقبل میں واک ان انٹرویو کی بنیاد پر بھرتیاں نہیں کی جائیں گی، سندھ حکومت بھرتیوں سے متعلق بنائے گئے قوانین کے مطابق نئی بھرتیاں یقینی بنائے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے چار اور پانچ سے 15 کی پوسٹیں ضلعی بنیادوں پر پُر کی جائیں۔
عدالت نے اگست 2023 کے اشتہارات کے مطابق کی گئی بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ ایم کیو ایم نے اگست 2023 میں ہونے والی 54 ہزار سے زائد بھرتیوں کو چیلنج کیا تھا اور سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم کی درخواست پر حکم امتناع جاری کر رکھا تھا۔