وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں ہمارا حق تھا جو کسی اور کو دے دیا گیا تھا، عدالتی فیصلہ اصولی مؤقف کی جیت ہے۔
صوبائی کابینہ کے دسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہمارے مؤقف کی جیت ہوئی،مخصوص نشستیں ہمارا حق تھے، آج ہمیں ہمارا حق مل گیا،سپریم کورٹ کے فیصلے پر صوبائی کابینہ کے اراکین اور پارٹی قائدین کو مبارکباددیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر ایک اصولی مؤقف اختیار کیا تھا، ثابت ہوگیا کہ ہمارا حق کسی اور کو دیا گیا تھا۔ مخصوص نشستیں نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں اسمبلیوں میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم سب نے ایک ٹیم بن کر کام کیا اور کامیابی حاصل کی، اس دوران بھر پور ساتھ دینے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم صوبے اور صوبے کے عوام کے حقوق کے لیے اسی طرح ایک ٹیم بن کر کام کرتے رہیں گے۔
اجلاس میں صوبائی کابینہ اراکین کے علاوہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔