ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کا شاندار آغاز

ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار آغاز کیا ہے۔

امریکا میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستان کے تین پلیئرز نے اپنے پہلے میچز میں کامیابی حاصل کرلی۔ دفاعی چیمپئن حمزہ خان، عبداللہ نواز اور حذیفہ ابراہیم راؤنڈ آف 64 میں پہنچ گئے۔

سیکنڈ سیڈ حمزہ خان نے اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے رابرٹ ڈیلان کو شکست دی، انگلش پلیئر کے خلاف حمزہ کی جیت کا اسکور 10-12، 11-13 اور 7-11 رہا۔

حذیفہ ابراہیم نے پہلے میچ میں گیانا کے موہریان بخش کو با آسانی ہرایا۔ راؤنڈ آف 128 کے میچ میں حذیفہ کی جیت کا اسکور 1-11، 1-11 اور 5-11 رہا۔

اس کے علاوہ عبداللہ نواز نے اپنے پہلے میچ میں خاران کے رین میکینو کو 0-3 سے ہرایا۔ عبداللہ کی کامیابی کا اسکور 6-11، 8-11 اور 10-12 رہا۔

 علاوہ ازیں پاکستان کے محمد عماد کو پہلے میچ میں بھارت کے شوریا باووا نے شکست دی۔ بھارتی پلیئر نے عماد کو 10-12، 3-11 اور 9-11 سے شکست دی۔