ورلڈ چیمپیئنز آف لیجنڈز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان چیمپیئنز نے ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔
پاکستان چیمپیئنز کے 199رنز کے ہدف میں ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کی ٹیم 178 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور اسے 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نارتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز چیمپیئنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان چیمپیئنز کی اننگز
اننگز کی ابتدا میں پاکستان چیمپیئنز کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی۔ شرجیل خان، شعیب ملک صفر اور صہیب مقصود ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کامران اکمل اور یونس خان نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلیں اور ٹیم بڑا اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
پاکستان چیمپیئنز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر198 رنزبنائے۔
کپتان یونس خان 65 ، کامران اکمل 46 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عامر یامین 40 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کے فیڈل ایڈورڈز 3 اور سلیمان بین نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کی اننگز
پاکستان چیمیئنز کے 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کی پہلی وکٹ پر 31 پر گری جب کرس گیل 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، والٹن نے 19 اور اسمتھ نے 26 رنز بنائے۔ ایشلے نرس نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ ریاد ویمرٹ نے 9 گیندوں پر 29 رنز بنائے تاہم ٹیم کے کام نہ آئے اور ویسٹ انڈیز چیمپیئنز آخری اوور میں 178 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ویسٹ انڈیز چیمپیئنز کو 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یوں پاکستان چیمپیئنز نے فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان کے سہیل خان نے 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض اور شعیب ملک نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔