واقعہ کربلا ظالم حکمرانوں کے خلاف ڈٹ جانے کا درس ہے، علی امین گنڈاپور: امام حسینؓ کی قربانی انصاف کے حصول کا سبق سکھاتی ہے، فیصل کریم کنڈی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔

عاشورہ محرم الحرام کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک عظیم معرکہ تھا، جس میں حضرت امام حسینؓ نے دین اسلام کی سربلندی کے لیے بے مثال قربانی پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا حق کی حمایت ، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ ظلم و جبر کے خلاف حق کے علمبردار تھے۔ آپؓ نے ظالم حکمرانوں اور ان کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا اور حق و باطل کی اس لڑائی میں عظیم قربانی دی۔

دریں اثنا گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیاں صدیاں گزرنے کے باوجود آج بھی زندہ ہیں۔ حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، انصاف کے حصول کا سبق سکھاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مظالم کی انتہا کر دی گئی مگر امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کو حق اور نیک مقصد سے ایک قدم پیچھے نہیں ہٹایا جا سکا۔یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اپنی زندگیوں میں قربانی کا جذبہ ہمیشہ زندہ رکھنا چاہیے۔ جتنے بھی مظالم اور آزمائشیں ہوں باطل اور ظالم کے سامنے سر نہیں جھکانا چاہیے