دمبولا: انڈیا نے پاکستان کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں 7 وکٹوں سے ہرادیا۔
دمبولا میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.2 اوورز میں محض 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے سدرہ امین 25 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ طوبی حسن اور فاطمہ ثنا نے 22، 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ بھارتی بولر دپتی شرما نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں بھارتی ٹیم نے 109 رنز کا ہدف 14.1 اوررز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا نے 45 اور شفالی ورما نے 40 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا 150 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا مگر وہ اپنی کارکردگی سے اس میچ کو یادگار نہ بناسکیں اور محض 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں۔
پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ اتوار کو نیپال کے خلاف کھیلے گی۔