خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ کے بیان کو امن خراب کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسترد شدہ سیاسی ڈرامے باز بنوں واقعے پر سیاست کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور سماجی عمائدین میں مذاکرات کا عمل شروع ہوتے ہی بنوں میں امن بحال ہوا۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا نے بنوں کی صورتحال پر تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا، بنو واقعہ پر انکوائری کمیشن بہت جلد رپورٹ جمع کروادے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمائدین پر مشتمل کمیٹی کی بھی جلد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات متوقع ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بنوں میں تاجروں کا ایک احتجاج تھا، اس میں کچھ لوگ ان کے شامل ہوگئے، ان کے لوگوں نے اس جگہ پر پہنچ کر فائرنگ کردی جس سے بھگدڑ مچی اور 22 افراد زخمی ہوگئے، پی ٹی آئی کی کوشش تھی کہ فوج پر الزام لگ جائے کہ سویلینز کو ماردیا۔
انہوں نے کہا کہ بنوں والی سازش آپ کے سامنے ہے، کے پی حکومت کچھ بھی کہتی رہے، جس واقعے میں آپ کے لوگ ملوث ہوں اس کی تحقیقات خود کیسے کرا سکتے ہیں۔