ایف بی آر اور پولیس کی جانب سے چھاپوں، ٹول ٹیکسوں میں اضافے اور شاہراہوں پر عدم تحفظ پر گڈز ٹرانسپورٹروں نے پچیس جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے ۔
شاہین گڈز کیرئیر ایسوسی ایشن پشاور کے صدر حاجی گل وحید نے پشاور پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران ایف بی آر اور حکومت کو دس نکاتی چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کیا ۔
حاجی گل وحید نے کہا کہ ہائی وے اور خصوصاً کچے کے علاقے میں آئے روز لوٹ مار، اغوا ،قتل اور گاڑیاں چھیننے کے واقعات ہورہے ہیں، حکومت ڈاکوں کے خلاف آپریشن کرے اور انہیں تحفظ دے۔
انہوں نے پورے ملک میں ایکسل لوڈ کا یکساں نظام رائج کرنے، ٹول پلازوں کے ٹیکس میں 5 گنا اضافہ واپس لینے، موٹر وے اور پولیس کے بیجا چالان کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ نوشہرہ، اٹک اور پشاور میں کسٹم کے چھاپے بند کرنے کو بھی بڑا مسئلہ قرار دیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے 24 جولائی سے قبل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پر مذاکرات شروع نہ کئے تو 25 جولائی کو پہیہ جام ہڑتال اور اس کے بعد سڑکوں پر احتجاج شروع کردیا جائے گا۔