وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی عمران خان کو بنوں واقعے پر بریفنگ

راولپنڈی: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ (کے پی) علی امین گنڈا پور سمیت دیگر 8 رہنماوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اڈیالہ جیل میں ملاقات  کے دوران پارٹی امور، بنوں واقعے اور پارٹی ترجمان رؤف حسن کی گرفتاری پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 جیل ذرائع نے بتایا کہ آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنماؤں نے تین مختلف اوقات میں ملاقاتیں کیں، پہلی ملاقات میں ان کی بہن علیمہ خان اور جمشید برکی، دوسری ملاقات میں سلمان اکرم راجا، انتظار پنجوتھہ، نعیم پنجوتھہ، ملک شفقت اعوان، زبیر کسانہ اور خرم ورک شامل تھے اور تیسری ملاقات وزیر اعلیٰ کے پی اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ہوئی۔

جیل انتظامیہ نے اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ملاقات کے لیے خصوصی بندوبست کر رکھا تھا۔


ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں پارٹی امور، ملکی سیاست، مختلف مقدمات، رؤف حسن کی گرفتاری اور بنوں واقعے پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جس کے تمام سیاسی رہنما ملاقات کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر روانہ ہوگئے۔