خیبرپختونخوا حکومت پر کرپشن کے الزامات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بھائی ایم این اے فیصل امین اور عمر امین کی جانب سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، نجی ٹی وی جیو نیوز اور اینکر پرسن سلیم صافی کو نوٹس ارسال کیا گیا۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ٹی وی شو میں جھوٹے الزامات لگائے، علی امین گنڈا پور وزیر اعلیٰ ہیں، گورنر کے اس اقدام سے علی امین گنڈاپور کی عزت کو نقصان پہنچا ہے، جیو نیوز اور صحافی سلیم صافی نے بھی علی امین کا مؤقف لینے کی کوشش نہیں کی۔
نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ 50 کروڑ ہرجانہ ادا کرکے معافی مانگی جائے۔
اس سے قبل گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیتے ہوئے امن و امان پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
گورنر خیبرپختوخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو مشورہ دوں گا اعتماد کا ووٹ لے لیں، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی اپنی اکثریت کھوچکے ہیں، دو تہائی اکثریت والے وزیراعلیٰ اپنی اسمبلی میں جانے سے کترا رہے ہیں، چار مرتبہ اجلاس ملتوی ہو چکا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پاس اکثریت نہیں، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے، میں سرکاری طور پر بھی وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا بھی کہہ سکتا ہوں۔