پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی اور بااختیار بنانے کے لیے 3 بڑے منصوبے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس سلسلے میں احساس روزگار، احساس ہنر اور احساس نوجوان روزگار پروگرامز کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے محکموں کو مفاہمت کی یاد داشتیں جلد طے کرنے کی ہدایت کر دی۔ احساس نوجوان روزگار اسکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک لون فراہم کیے جائیں گے۔
احساس روزگار اسکیم کے تحت 2 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرضہ مہیا کیا جائے گا۔ احساس روزگار اسکیم میں نیا کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا۔
احساس ہنر پروگرام کے تحت 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے دیئے جائیں گے اور ہنرمند نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
اپنا گھر پروگرام پر بھی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو مکان کی تعمیر کے لیے قرضہ دیا جائے گا۔ جبکہ مستحق خاندانوں کو مکان کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک قرضہ فراہم کیا جائے گا۔