ملتان: علی پور میں سفاک اور بااثر زمیندار نے فصل سے پانی پینے پر گدھی کی دو ٹانگیں کاٹ دیں۔
علی پور کے شمال میں واقع علاقے موضع جتوئی میں غریب مزدور کی گدھی نے تل کی فصل سے پانی پیا۔
گدھی کے پانی پینے پر سفاک اور بااثر زمیندار اس قدر طیش میں آیا کہ اُس نے تیز دھار آلے سے بے زبان کی دونوں ٹانگیں کاٹ دیں۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ شخص کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ میں جانوروں پر ظلم و بربریت کے واقعات رپورٹ ہونا شروع ہوئے ہیں، سب سے پہلا واقعہ سانگھڑ میں پیش آیا تھا جہاں جاگیردار نے فصل خراب کرنے کے الزام میں اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔
بعد ازاں حیدرآباد، راولپنڈی سمیت دیگر علاقوں سے بھی جانوروں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات سامنے آئے۔
اس کے علاوہ 16 جون کو حیدرآباد میں مالک نے اپنے گدھے کو دوسرے گدھے کے ساتھ دیکھنے پر اُس کی ٹانگ کاٹ دی تھی جو بعد میں 23 جون کو مر گیا تھا۔