حکومت نے اصولی طور پر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی وزیراطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے اصولی طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جس بات کو بہت سے لوگ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے اعتراف جرم کے طور پر دیکھ رہے ہیں، اس تناظر میں حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی پر پابندی کی کوششیں زور پکڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔

ایک روز قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے اپنی گرفتاری کی صورت میں جی ایچ کیو کے باہر احتجاج کی کال دی تھی۔

تاہم عمران خان کی قانونی ٹیم اور پارٹی ترجمانوں کو یہ واضح کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کہ ان کا مطلب ایک ’پرامن احتجاج‘ تھا۔

دوسری جانب، پی ٹی آئی کے مخالفین نے عمران خان کے اس بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے اصولی طور پر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے جیو نیوز پر ایک پروگرام کے دوران کہا کہ ہم نے اصولی طور پر پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن پابندی لگانے کے لیے (حکومتی اتحادیوں کے درمیان) وسیع تر اتفاق رائے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اس سے قبل حکومت نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اپوزیشن جماعت پر پابندی کے فیصلے کے حوالے سے حکمران اتحادیوں میں مشاورت جاری ہے۔

لیکن اب، پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی 12 جولائی کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دی گئی تھیں اور اسے پارلیمانی پارٹی کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔