پشاور: تھانہ اکبر پورہ کے علاقے میں ”روزنامہ آج“ کے سینئر صحافی ملک حسن زیب کے قتل میں اہم پیشرفت سامنے آگئی قتل میں ملوث قاتلوں کی شناخت ہوگئی جبکہ پولیس نے قاتلوں تک پہنچنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 14جولائی کو روزنامہ ”آج“ کے سینئر صحافی ملک حسن زیب کی گاڑی پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار نے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے موقع پر موجود لوگوں انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب سینئر صحافی کے قتل کا سراغ لگانے اور قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ محمد اظہر خان کی نگرانی میں آپریشنل اور انوسٹی گیشن کی دو مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہوں نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کیساتھ ساتھ جیو فینسنگ اور دیگر اکٹھے کئے گئے شواہد کی روشنی میں تحقیقات کیں تو پولیس نے اہم پیشرفت حاصل کی جبکہ قاتلوں کی شناخت ہونے کے ساتھ ساتھ ان تک پہنچنے کا بھی دعویٰ کیاگیا ہے۔