پشاور: خیبر پختونخوا میں اہم شخصیات، جیل اور تنصیبات کے لیے الگ سکیورٹی دینے کی سمری سامنے آ گئی۔
دستاویز کے مطابق صوبے میں سکیورٹی ڈویژن کے قیام کی سمری محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے تیار کی گئی ہے، جس میں 11 ہزار 853 اسامیاں تخلیق کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سکیورٹی ڈویژن کے اہل کار اہم شخصیات، جیل اور تنصیبات کے حفاظت پر مامور ہوں گے۔
دستاویز کے مطابق ایس پی 7، سب انسپکٹرز 105 اور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کی 210 اسامیاں ہوں گی۔ اسی طرح ہیڈکانسٹیبل 1048 اور کانسٹیبل کی 10 ہزار483 اسامیاں تخلیق کرنےکی تجویز ہے۔
سکیورٹی ڈویژن کی اسامیاں 2024ء سے2027ء تک3 مراحل میں تخلیق ہوں گی۔ سکیورٹی ڈویژن کے قیام پر6 ارب روپےسےزیادہ خرچ ہوں گے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت اہم شخصیات اور تنصیبات کی سکیورٹی پر10 ہزار483 پولیس اہل کار تعینات ہیں۔ شخصیات اور تنصیبات کی سکیورٹی کےباعث عوام کے لیے پولیسنگ متاثر ہو رہی ہے۔