وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اداروں سے نیوٹرل ہونے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت کو لانے والے آپ ہیں۔
ایک بیان میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا ہمارا بجٹ ٹیکس فری اور فلاحی ہے، عوام کو سولر پینلز فراہم کر رہے ہیں، بجلی کے معاملے پر امیر پر ہاتھ ڈالیں، غریب کتنی بجلی چوری کرلے گا۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ اپنی جعلی حکومت کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، عطا تارڑ گمراہ کن بیانات دے رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا حکومت عوام اور سکیورٹی اداروں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بنوں معاملہ پرامن طریقے سے حل کیا، وزیراعلیٰ نے لیگی رہنماؤں کی حالات خراب کرنے کی کوششوں کو چکناچور کر دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے ایک بیان میں کہا تھا خیبر پختونخوا میں کوئی آپریشن نہیں ہونے دوں گا، صوبے کے تمام فیصلے ہم خود کریں گے۔
علی امین گنڈا پور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا تاڑر کا کہنا تھا ملک میں طالبان کو واپس لانے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔