کوئٹہ: بلوچستان میں کوچ کو حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی کے قریب مسافر کوچ کو حادثہ پیش آیا، جس میں 2 خواتین جاں بحق اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔ مسافر کوچ ملتان سے کوئٹہ آرہی تھی۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال لورالائی منتقل کردیا گیا ہے۔
دریں اثنا صوبائی حکومت نے لورالائی میں کوچ کو حادثہ پیش آنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ حادثے میں اب تک 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی ابتدائی رپورٹس ہیں۔ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد اور علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں جب کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جاررہا ہے۔