لاہور: لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 8سالہ بچے کو بدفعلی کا نشانہ بنانے والے 3ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے پولیس ٹیم کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا اور ایس ایس او آئی یو پولیس ٹیم نے 3ملزمان محمد شہزاد، عامر اسلام اور محمد بلال کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ ملزم شہزاد کے گھر میں کرایہ پر مقیم ہے جہاں ملزم شہزاد نے اپنے کزن محمد بلال اور عامر اسلام کے ہمراہ بچے کو مکان کی چھت پر بدفعلی کا نشانہ بنایا اور اس سنگین جرم کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے ملزمان کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے کہا کہ بچے کی والدہ نے تھانہ لیاقت آباد میں بدفعلی کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ملزمان کی فوری گرفتاری پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دیں اور کہا کہ بچوں سے زیادتی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شب و روز کوشاں ہیں۔