2 بچوں سے زیادتی اور قتل پر 4 ملزمان کو پھانسی کی سزا، لاکھوں روپے جرمانہ

کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 2 کمسن بچوں کے اغوا برائے تاوان و زیادتی اور قتل کے مقدمے میں 4 ملزمان کو پھانسی کی سزا کا حکم دیدیا۔

کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے 2 کمسن بچوں کے اغوا برائے تاوان و زیادتی اور قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا۔

استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا جس پر عدالت نے اغوا برائے تاوان اور قتل کا جرم ثابت ہونے پر 4 ملزمان کو پھانسی کی سزا سنادی۔


عدالت نے بچوں سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر چاروں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی اور بچوں کے ورثا کو 20 لاکھ فی کس ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے جبکہ ملزمان پر مزید 50 ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

ملزمان میں قربان، عمران، رمضان اور وسیم شامل ہیں۔ عدالت نے مفرور ملزم راجو کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 8 سالہ شہباز اور 10 سالہ حسن کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کیا تھا۔ ملزمان نے بچوں کے والدین سے 50 ہزار روپے تاوان طلب کیا تھا۔ ملزمان نے دونوں بچوں کو قتل کرکے لاشیں الگ الگ مقام پر پھینک دی تھیں۔ ملزمان کیخلاف اغوا برائے تاوان، قتل، زیادتی اور دہشتگردی دفعات کے تحت 2 مقدمات سہراب گوٹھ اور سائٹ سپر ہائی وے تھانوں میں درج کئے گئے تھے۔