سندھ میں مبینہ طور پر ظالم وڈیرے نے اپنے باڑے میں جانے والے گدھے کی ٹانگ کاٹ دی۔
افسوسناک واقعہ سندھ کی تحصیل میہڑ کے گاؤں سندھی بٹڑا میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر بااثر وڈیرے نے باڑے میں گھس آنے والے گدھے کی ٹانگ کاٹ دی۔
متاثرہ گدھے کے مالک کا کہنا ہے کہ میرا بیٹا گدھا گاڑی چلا کر روزگار کماتا ہے، گزشتہ رات میرا گدھا وڈیرے کے باڑے میں چلا گیا تھا جس کے بعد بااثر زمیندار اور اس کے بیٹے نے اشتعال میں آکر گدھے کی ٹانگ کاٹ دی۔
گدھے کے مالک کے مطابق بااثر زمیندار کے خلاف رادھن تھانے کی پولیس کو اطلاع کر دی ہے لیکن پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ہم گدھا بھی پولیس کے پاس چھوڑ کر آئے ہیں۔
ادھر پولیس کا مؤقف ہے کہ گدھے کے مالک نے صرف اطلاع دی ہے، ایف آئی آر درج نہیں کروائی، مقدمہ درج ہونے اور تفتیش کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔