گلشن اقبال بلاک 6 میں رقم کے لین دین کے تنازعے پر تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 6 ٹائم اسکوائر کے قریب تیز دھار آلے کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 34 سالہ زبیر عزیز ولد عزیز الرحمان کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او گلشن اقبال انسپکٹر عقیل نے بتایا کہ مقتول بلاک 6 گلشن اقبال سمیرا اپارٹمنٹ کا رہائشی اور گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا جس کو شاہنواز نامی شخص نے تیز دھار نوکیلی چیز مار کر قتل کیا ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم شاہنواز موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جوکہ گاڑیوں ڈینٹنگ کا کرتا تھا، مقتول نے ملزم سے کسی گاڑی کی ڈینٹنگ کرائی تھی جس کی مبینہ طور پر رقم ادا نہیں کی تھی جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔
پولیس ملزم شاہنواز کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔