مشیراطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرکے جعلی حکومت اداروں کو لڑانے کی کوشش کررہی ہے۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، سپریم کورٹ فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں ترمیم کرنے سے مینڈیٹ چور توہین عدالت کی مرتکب ہوئی، سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی اپیل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قانون بدنیتی پر مبنی ہے اور مفاد عامہ کے خلاف ہے، قومی اسمبلی اور سینٹ سے ایک دن میں قانون پاس کرنا آئین وقانون کے ساتھ مذاق ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کاکہنا تھا کہ شریف خاندان نے ملک کو بنانا ری پبلک بنایا ہوا ہے، فسطائیت کا انجام شریف خاندان کے لئے خوفناک ثابت ہوگا، ملک بچانے والی پارٹی اس وقت صرف تحریک انصاف ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی سربراہی میں پی ٹی آئی ملک کو موجودہ دلدل سے نکال سکتی ہے، مینڈیٹ چور وفاقی حکومت پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے، الیکشن ترمیمی ایکٹ کا مقصد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے محروم رکھنے کی ناکام کوشش ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مینڈیٹ چور سرکار کو علم ہونا چاہیے کہ مخصوص نشتوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں لینے کی حقدار ہے، پی ٹی آئی مخصوص نشستیں حاصل کرنے کی قانونی و آئینی حقدارجماعت ہے۔