پشاور: پولیس وین کے قریب بارودی مواد کا دھماکا

پشاور میں ورسک روڈ کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے، دھماکے سے پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔

پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر پولیس وین معمول کے مطابق گشت کررہی تھی کہ سڑک کے درمیان میں نصب بارودی مواد پولیس موبائل کے پہنچتے ہی پھٹ گیا۔۔ دھماکے سے پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔ بی ڈی یو کے مطابق دھماکے میں دس کلو بارودی مواد استعمال ہوا۔جو پورا پھٹ نہ سکا۔

پشاور کا علاقہ ورسک روڈ 11 بج کر 55 منٹ پر زور دار دھماکے کی آواز سے گونج اٹھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سڑک کے درمیان دھماکہ خیز مواد پولیس موبائل کے پہنچتے ہی پھٹ گیا۔

پولیس کے مطابق آئی ای ڈی بلاسٹ کے ذریعے پولیس وین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن خوش قسمتی سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) کو طلب کرلیا گیا ہے، جو جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کررہی ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا، پولیس مزید شواہد اکھٹے کرنے کی کوشش کررہی ہے، اس حوالے سے تفتیش کے بعد ہی حتمی معلومات سامنے آسکیں گی۔