جعلی لائسنس اسکینڈل: کے پی حکومت نے تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو خط لکھ دیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے خط میں کہا ہے کہ مبینہ طور پر جعلی ویب سائٹس لائسنسز کی تصدیق کررہی ہیں، ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ جعلی ویب سائٹس کی بھی تحقیقات کرے۔

دوسری جانب کے پی حکومت کے اعلامیے میں بتایاگیا ہےکہ جعلی ڈرائیونگ لائسنس اسکینڈل کی تحقیقات کےلیے صوبائی سطح پر بھی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں ایڈیشنل آئی جی اسپشل برانچ، سیکرٹری قانون اور ایم ڈی آئی ٹی بورڈ شامل ہیں جب کہ  کمیٹی ایک ماہ کے اندر تحقیقات کرکے رپورٹ حکومت کو جمع کرائےگی۔

یاد رہے کہ ہانگ کانگ اور آسٹریلیا سے متعددجعلی لائسنس کی تصدیق کی شکایات سامنے آئی تھیں جس پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے پی کی تحقیقات کے بعد ہانگ کانگ سے بھیجےگئے 90 ڈرائیونگ لائسنس میں سے 85 جعلی نکلے تھے اور صرف 5 ڈرائیونگ لائسنس اصل قرار دیے گئے تھے۔